لڑکی کے مبینہ اغواء کا ڈراپ سین؛ غلط معلومات دینے پر درخواستگزار کو 50ہزار جرمانہ

ایمن جویریہ نامی خاتون نے اپنی نند عزہ بی بی کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کر رکھی تھی

پیر 18 اگست 2025 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے لڑکی کے اغواء سے متعلق غلط معلومات فراہم کرنے پر درخواست گزار خاتون پر 50ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔جسٹس محمد اعظم خان نے خاتون شہری ایمن جویریہ کی درخواست پر سماعت کی۔ وفاقی پولیس کے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

وفاقی پولیس کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی اور لاپتا لڑکی عزہ بی بی کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عزہ بی بی نامی لڑکی نے عدالت میں بیان دیا کہ میں والدین کے پاس چنیوٹ گئی تھی اور ان کے ساتھ ہی رہنا چاہتی ہوں۔ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نے بتایا کہ ایک ہی مقدمے میں درخواست گزار نے اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ عدالت نے درخواستگزار کو جرمانہ کے ساتھ بازیابی درخواست خارج کر دی۔ایمن جویریہ نامی خاتون نے اپنی نند عزہ بی بی کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کر رکھی تھی۔