یوٹیلٹی اسٹورز کے پشاور ریجن میں 14 کروڑ روپے کی گندم چوری کا انکشاف

یوٹیلٹی اسٹورز اٹک ریجن میں آٹا خریداری میں 50 لاکھ کی خرد برد ہوئی،بریفنگ

پیر 18 اگست 2025 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)یوٹیلٹی اسٹورز کے پشاور ریجن میں 14 کروڑ روپے کی گندم چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ دیگر کئی ریجنز میں بھی مالی گھپلے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے تمام معاملات کی تحقیقات کی ہدایت کر دی۔شاہدہ بیگم کی زیرصدارت ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں آڈٹ حکام نے بریفنگ دی۔ بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے پشاور ریجن میں 14 کروڑ روپے کی گندم چوری ہوگئی۔

یوٹیلٹی اسٹورز پشاور ریجن نے گندم نجی گودام میں رکھی تھی جس کی موجودہ مالیت 14 کروڑ روپے ہے۔آڈٹ حکام نے یہ بھی بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز نواب شاہ ریجن کے 46 ملازمین نے ایک کروڑ 44 لاکھ روپے کا سامان چوری کیا ۔ ابھی بھی 52 لاکھ روپے کی ریکوری کرنا باقی ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز اٹک ریجن میں آٹے کی خریداری میں پچاس لاکھ روپے کی خرد برد کی گئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے تمام معاملات کی انکوائری کرنے کی ہدایت کر دی۔اجلاس میں آڈٹ حکام نے بتایا کہ 2012 میں ڈپٹی سیکرٹری کے گھر کے باہر سے گاڑی چوری ہوئی۔ انکوائری میں سیکشن آفیسر کو ذمہ دار قرار دیا گیا لیکن اس سے ابھی تک ریکوری نہیں ہوئی۔ سیکریٹری صنعت و پیداوار نے کہا کہ چوری میں افسر خود ملوث نہیں تھا،اس کی غفلت تھی۔ کمیٹی نے معاملے پر ایک مہینے میں رپورٹ طلب کرلی۔

متعلقہ عنوان :