ْوزیر تعلیم سندھ نے کالج کے طلبا کی رہنمائی کے لئے یو اے این سروس 100-002-111-021 کا افتتاح کردیا

یو اے این سروس کی مدد سے طلبا کی داخلے کے عمل کو مزید آسان بنانے کی کوشش کی گئی ہے، اب طلبا یا ان کے والدین آفیسز آنے کے بجائے گھر بیٹھے داخلے کے سلسلے میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں،سردار علی شاہ

پیر 18 اگست 2025 22:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے سرکاری کالجز میں ایڈمیشن کے سلسلے میں رہنمائی کے لیے یو اے این نمبر کی سہولت شروع کردی ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے انٹرمیڈیٹ کالجز میں داخلا اور طالبہ و طالبات رہنمائی اور والدین کی معاونت کے لئے یو اے این نمبر 100-002-111-021 کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے این سروس کی مدد سے طلبا کی داخلے کے عمل کو مزید آسان بنانے کی کوشش کی گئی ہے، اب طلبا یا ان کے والدین آفیسز آنے کے بجائے گھر بیٹھے داخلے کے سلسلے میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

کراچی میں پیر کے روز ہونے والے افتتاح کے موقع پر سیکریٹری کالجز سندھ شہاب قمر انصاری، ڈی جی کالجز نوید رب صدیقی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ الیکٹرانک سینٹرلائیز کالج ایجوکیشن ایڈمیشن پروگرام (SECCAP) کے تحت درخواست جمع کرنے سے لے کر کالجز میں داخلا کی کنفرمیشن، حاضری، امتحانات اور نتائج کا تمام نظام ایک دوسرے سے انٹرلنک کر کے آن لائین کیا جائے گا اور انسانی وسائل پر انحصار کم کرنے کے ساتھ طلبا کے لیے رکارڈ تک رسائی کو بھی آسان بنایا جائے گا، صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ یو اے این سروس کے ذریعے طلبہ و طالبات کی رہنمائی حاصل کرنے کے ساتھ شکایات بھی درج کروا سکتے ہیں، جس کے ازالے کے لئے فوری اقدامات بھی کیے جائیں گے جبکہ اس سروس کے ذریعے والدین بھی اپنے بچوں کے داخلا کے حوالے معاونت حوصل کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے یو اے این نمبر پر خود کال کر کے فرضی طالب علم بن کر رہنمائی کے لیے مختلف سوالات کے جواب حاصل کیے، سید سردار علی شاہ نے یو اے این سروس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سروس ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ کال وصول کرنے اور فوری کال حاصل کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں تا کہ اس سروس کے استفادہ ممکن ہو سکے۔

صوبائی وزیر کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یو اے این سروس فی الحال ورکنگ اوقات کار کے دوران فعال رہے گی، جبکہ وقت گزرنے اور ضرورت کے مطابق اس میں اضافہ بھی کیا جائے گا، وزیر تعلیم نے سروس کو مزید بہتر بنانے اور اسے کالج اساتذہ کی رہنمائی کا کمپوننٹ شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر تعلیم کا آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ SECCAP کے تحت کراچی ڈویژن میں داخلہ کے لیے اب تک 119319، حیدرآباد ڈویژن میں 36313، میرپورخاص ڈویژن میں 13118، شہید بینظیر آباد ڈویژن میں 14601، لاڑکانہ ڈویژن میں 15005 جبکہ سکھر ڈویژن میں 17729 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، درخواست جمع کرنے کے دو مرحلے مکمل ہوچکے ہیں اس وقت تیسرا مرحلہ جاری ہے۔