ایران میں دوپٹے اور برقعے کے ساتھ بھی کمال کی فلمیں بن رہی ہیں، سیفی حسن

پاکستان کے مقابلے میں ایرانی میڈیا پر بہت قدغن ہے لیکن ایرانی سینما اسی قدغن میں بھی کمال کی ترقی کر گیا

منگل 19 اگست 2025 12:36

ایران میں دوپٹے اور برقعے کے ساتھ بھی کمال کی فلمیں بن رہی ہیں، سیفی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)ہدایتکار سیفی حسن کا کہنا ہے کہ ایران میں قدغن اور سخت پابندیوں کے باوجود فلم انڈسٹری نے شاندار ترقی کی ہے، جہاں دوپٹے اور برقعے کے ساتھ بھی کمال کی فلمیں بنا رہے ہیں۔سیفی حسن نے حال ہی میں سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ اداکاروں کی کاسٹنگ ہدایتکار سے زیادہ پروڈکشن ہاس کرتا ہے، خاص طور پر ڈرامے کے مرکزی کرداروں کا فیصلہ پروڈکشن ہاس ہی کرتا ہے کہ اہم کردار کون ادا کرے گا، البتہ وہ ہم سے مشورہ ضرور کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پروڈکشن ہاس ایسے کرداروں کا انتخاب کر رہا ہے جن کی مقبولیت زیادہ ہے چاہے وہ اس کردار کے لیے موزوں نہ ہوں تو ان کا یہ عمل جائز ہے کیونکہ جب وہ ڈرامے کو بنانے میں اتنا پیسہ خرچ کرتے ہیں تو انہیں ایسے لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے جو انہیں منافع کما کر دیں۔

(جاری ہے)

سیفی حسن نے یہ بھی کہا کہ ایسا بھی نہیں کہ ہم سے اس بارے میں رائے نہیں لی جاتی، ہم سے پوچھا جاتا ہے کہ کیا یہ اداکار اس کردار کے لیے موزوں ہے، لیکن حتمی فیصلہ پروڈکشن ہاس ہی کرتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ایسے پروجیکٹس پر کام نہیں کرتے جن میں پسماندہ سوچ دکھائی جاتی ہے، اس وجہ سے پروڈیوسرز انہیں طعنے بھی دیتے ہیں کہ تم اسکرپٹ سے انکار کیوں کر رہے ہو تمہیں معلوم ہے کہ ان کے پچھلے پروجیکٹ کی کتنی ریٹنگ آئی تھی لیکن وہ معذرت کر دیتے ہیں کہ بھئی یہ پروجیکٹ نہیں کر سکتا۔ہدایتکار کے مطابق پاکستان کے مقابلے میں ایرانی میڈیا پر بہت قدغن ہے لیکن ایرانی سینما اسی قدغن میں بھی کمال کی ترقی کر گیا۔