پی پی 87 میانوالی، آزاد امیدوار کے کاغذات مسترد کر نے کیخلاف اپیل منظور

منگل 19 اگست 2025 16:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 87 میانوالی سے آزاد امیدوار سردار بہادر خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے اپیل منظور کر لی۔ عدالت نے ریٹرننگ افسر (آر او) کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور اپیل کنندہ کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے وکیل عمران عارف رانجھا نے اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اپیل کنندہ نے آر او کے سامنے اپنے خلاف مقدمات کی لسٹ پیش نہیں کی جبکہ ان کے خلاف 27 مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ مقدمات درج ہونے کی بنیاد پر کوئی نااہل نہیں ہو سکتا۔ ٹربیونل نے اپیل کنندہ کا نام امیدواروں کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم بھی دے دیا۔