ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز، شکاگو کنگزمین نے پاکستان شاہینز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 69 رنز سے شکست دے دی

منگل 19 اگست 2025 17:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں شکاگو کنگزمین نے پاکستان شاہینز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 69 رنز سے شکست دے دی، یہ پاکستان شاہینز کی چار میچوں میں دوسری ناکامی ہے۔ منگل کو ڈارون میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر شکاگو کنگزمین کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 206 رنز اسکور کیے۔

میلیند کمار نے 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، انہوں نے تاجیندر ڈھلون کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ میں 101 رنز کی شراکت بنائی، ڈھلون 58 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔ شاہینز کی طرف سے وسیم جونیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز ہی بنا سکی۔ شاہینز کی اننگز میں وکٹیں مسلسل گرتی رہیں اور ٹیم کسی بھی مرحلے پر مقابلے میں واپس نہ آسکی۔

(جاری ہے)

اوپنرز جلدی آؤٹ ہو گئے، شرجیل خان صرف 8 رنز بنا سکے جبکہ خواجہ نافع، عبدالصمد، محمد فائق اور معاذ صداقت بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، یاسر خان نے 38، کپتان محمد عرفان خان نے 24 اور شاہد عزیز نے بھی 24 رنز بنائے، محمد وسیم جونیئر 16 اور عبید شاہ 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ شکاگو کنگزمین کی طرف سے سکاٹ کوگلین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان شاہینز نے سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش اے کو 79 رنز سے شکست دی، دوسرے میچ میں اسے پرتھ سکارچرز کے ہاتھوں 2 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تیسرے میچ میں میلبرن رینیگیڈز کے خلاف 73 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان شاہینز اپنا اگلا میچ (کل) بدھ کے روز ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے خلاف کھیلے گی۔