اسرائیلی فورسز کے بھوک سے بلکتے فلسطینیوں پر حملے، مزید 60 شہید

امداد کے منتظر 38 فلسطینی بھی نشانہ بن گئے، غذائی قلت سے مزید 5 افراد جاں بحق

منگل 19 اگست 2025 17:20

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)قابض اسرائیل کی غزہ میں بربریت کا سلسلہ تھم نہ سکا۔24 گھنٹے میں صیہونی حملوں میں مزید 60 فلسطینی شہید جبکہ 344 زخمی ہوگئے، امداد کے منتظر 38 فلسطینی بھی اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بن گئے، غذائی قلت سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

قحط سے اب تک 112 بچوں سمیت 263 افراد جاں بحق ہو چکے، غزہ میں شہدا کی تعداد 62 ہزار سے زائد ہوگئی، 1 لاکھ 56 ہزار 230 افراد زخمی ہوچکے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کئے جانے والے حملوں کے حوالے سے اسرائیل کی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے حملوں میں درست مقدار میں بارود کا استعمال کیا ہے جب کہ اس علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی تھی، اس کے ساتھ ساتھ درست نشانے کے لئے دیگر ذرائع کا بھی استعمال کیا گیاتھا۔