کھیلوں میں اقربا پروری کی نئی مثال قائم

باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے ایک گھر کے تین افراد کو آفیشلز بناڈالا شوہر کوچ، بیوی ریفری، بیٹی ٹرینی جج بن گئی

منگل 19 اگست 2025 18:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) کھیلوں میں اقربا پروری کی نئی مثال قائم، پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے قومی ٹیم کیساتھ ایک ہی گھرانے کے تین افراد کو آفیشلز بناڈالا، تھائی لینڈ میں کھیلی جانیوالی ایشین باڈی بلڈنگ چیمپین شپ فیملی جواے رائیڈ ٹور بن گیا۔ شوہر کوچ، بیوی ریفری، بیٹی ٹرینی جج بن گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کی سرپرستی میں ہونے والے متنازعہ انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی فیڈریشن کے سیکرٹری سہیل انور نے خود کو کوچ اور منیجر مقرر کیا ہے جبکہ ان کی اہلیہ ماریا سہیل کو ریفری اور بیٹی مریم سہیل کو ٹرینی جج بنا کر پاکستان کی نمائندگی کراتے ہوے ٹیم کیساتھ لے گئے ہیں۔

پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہورہا ہے کہ ایک ہی گھرانے کے تین افراد کو باضابطہ طور پر کسی انٹرنیشنل ٹورنگ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہو۔ حیران کن طور پر پاکستان سپورٹس بورڈ نے بھی ایک ہی گھرانے کی تینوں شخصیات کو پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے نو رکنی ٹیم کیساتھ این او سی جاری کیا۔ اس ضمن میں پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سہیل انور نے موقف اختیار کیا کہ مجھے حکومت سے کوئی مالی معاونت نہیں ملی، اخراجات اسپانسرشپ کے ذرہعے پورے کئے گئے۔