جمعیت علما اسلام خضدار کے زیر اہتمام سردار زادہ یوسف علی قلندرانی کی مبینہ ماورائے عدالت اغوا و گرفتاری کے خلاف ایک پرامن اور منظم احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا

منگل 19 اگست 2025 20:00

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) جمعیت علما اسلام خضدار کے زیر اہتمام سردار زادہ یوسف علی قلندرانی کی مبینہ ماورائے عدالت اغوا و گرفتاری کے خلاف ایک پرامن اور منظم احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی مرکزی جامع مسجد خضدار سے شروع ہوکر مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی آزادی چوک پر ایک بڑے جلسے میں تبدیل ہو گئی۔

ریلی میں جمعیت علما اسلام کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سردار زادہ یوسف علی قلندرانی کی فوری رہائی کے مطالبات درج تھے۔ احتجاجی ریلی و جلسے سے جمعیت علما اسلام کے ضلعی، صوبائی اور مرکزی رہنماں نے خطاب کیا۔جن میں حضرت مولانا قمر الدین صاحب مرکزی سرپرست و ضلعی امیر مولانا فیض محمد صاحب صوبائی سرپرست و ضلعی نائب امیر مولانا مفتی عبد القادر شاہوانی، مولانا بشیر احمدعثمانی، قاری نذیر احمد شاکر امیر جمعیت علما اسلام تحصیل خضدار اور مولانا عبد الکریم متوکل شامل تھے۔

(جاری ہے)

رہنماں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیت علما اسلام ایک پرامن، آئین و قانون کی پاسدار جماعت ہے اور کسی بھی ماورائے عدالت اقدام کو ہرگز قبول نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ سردار زادہ یوسف علی قلندرانی کو فوری اور محفوظ طریقے سے بازیاب کرایا جائے۔رہنماں نے حکومت کو تین دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگر ہمارے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا گیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

ریلی کا اختتام حضرت مولانا سائیں قمر الدین صاحب کی پراثر اور رقت آمیز دعا پر ہوا، جس میں انہوں نے علاقے میں امن، انصاف اور مظلوموں کی داد رسی کے لیے دعا کی۔جلسے میں مطالبہ کیا گیا کہ اگر تین دن کے اندر میریوسف علی خان قلندرانی کو بازیاب اور رہا نہیں کیا گیا تو سخت سے سخت لائحہ عمل اختیارکیا جا ئیگا۔

متعلقہ عنوان :