وفاقی دارالحکومت میں پیڈل کے کھیل کے فروغ دینے کیلئے تمام کلبز اور سٹیک ہولڈرز ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اقدامات کریں گے، صہیب حسن

منگل 19 اگست 2025 21:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن کے صدر صہیب حسن نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں پیڈل کے کھیل فروغ دینے کے لئے تمام کلبز اور سٹیک ہولڈرز ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اقدامات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام شہر بھر کے پیڈل کلب مالکان کے ایک اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام شہر بھر کے پیڈل کلب مالکان کا ایک اہم اجلاس صدر ایسوسی ایشن صہیب حسن کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے معروف پیڈل کلبز کے مالکان نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 13 کلب اونرز شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس اجلاس کا بنیادی مقصد پیڈل کلب مالکان کو اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن سے متعارف کرانا، پیڈل کے کھیل کو منظم انداز میں فروغ دینا اور پیڈل کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنا تھا۔

اجلاس کے دوران تمام شرکاء کو پاکستان پیڈل فیڈریشن اور اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن کے انتظامی و تنظیمی ڈھانچے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر متفقہ طور پر اس امر پر زور دیا گیا کہ پیڈل کے کھیل کو منظم اور مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا تاکہ کمیونٹی کے تمام سٹیک ہولڈرز کو یکساں فائدہ پہنچ سکے۔ شرکاء نے اس اقدام کو پیڈل کے فروغ کے لئے نہایت مثبت اور خوش آئند قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن کی سرپرستی میں کھیل کے معیار اور دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔

اس موقع پر صدر اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن صہیب حسن نے کہا کہ اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن کا مقصد پیڈل کے کھیل کو پیشہ وارانہ اور منظم انداز میں فروغ دینا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ تمام کلبز اور سٹیک ہولڈرز ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر کھیل کے معیار کو بلند کریں اور پاکستان میں پیڈل کو عالمی سطح کے تقاضوں کے مطابق آگے بڑھائیں۔ نائب صدر اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن امین الحفیظ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس پیڈل کمیونٹی کے لئے ایک تاریخی قدم ہے، ہم سب مل کر اس کھیل کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے پرعزم ہیں، اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن تمام کلبز کے ساتھ قریبی روابط رکھے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ پیڈل کو قومی سطح پر فروغ دیا جا سکے۔

اجلاس میں شریک نمایاں شخصیات میں نائب صدر اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن امین الحفیظ، دی پیڈ کلب کے مصطفیٰ مرزا، پیڈل آوور کلب کے طلحہ چوہدری، پیڈل زون کلب کے ولید خاکوانی، وائبورہ کلب کے فرحان، دی پیڈل ڈسٹرکٹ کلب کے ریان خان، پیڈل سرج کلب کے حسن اظہر، پیڈل ویئر ہاؤس کلب کے جعفر عمر، لیٹس پیڈل کلب کے وقاص اور پیڈل ڈیک کلب کے اسامہ عالم شامل تھے۔