چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی زیر صدارت صوبائی گول میز کانفرنس کا انعقاد

کانفرنس میں کم عمری کی شادی اور صنفی تشدد کی روک تھام کے لیے مختلف سفارشات پیش کی گئیں

منگل 19 اگست 2025 21:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور رکن صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد کی زیر صدارت صوبائی گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کانفرنس برٹش کونسل کے اشتراک سے آوااز II این جی او کی جانب سے منعقد کی گئی، جس کا موضوع چائلڈ میرج، صنفی تشدد اور سماجی ہم آہنگی تھا۔چیئرپرسن سارہ احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق صوبے میں کم عمری کی شادی اور صنفی تشدد کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پہلی مرتبہ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی منظور کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں چائلڈ میرج بل پیش کیا جا چکا ہے جو جلد منظور ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں کم عمری کی شادی اور صنفی تشدد کی روک تھام کے لیے مختلف سفارشات بھی پیش کی گئیں۔چیئرپرسن سارہ احمد نے زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کرنا ہوگا اور اس مقصد کے لیے موثر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو پہلے ہی گڈ ٹچ بیڈ ٹچ، پازیٹو پیرنٹنگ اور پریونشن کے حوالے سے آگاہی مہم چلا رہا ہے اور کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے آوااز II سمیت دیگر اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کم عمری کی شادی کا شکار بچیوں کو تحفظ فراہم کر رہا ہے تاکہ ان کی زندگی محفوظ اور بہتر بنائی جا سکے۔ کانفرنس میں ویمن پروٹیکشن اتھارٹی، پنجاب کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن، پولیس، دیگر سرکاری اداروں اور این جی اوز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔