فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے صوابی ویئر ہائوس سے ضبط شدہ 26 کروڑ روپے مالیت کے سیگریٹ چوری ہونے کی انوکھی واردات کا انکشاف

منگل 19 اگست 2025 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے صوابی ویئر ہائوس سے ضبط شدہ 26 کروڑ روپے مالیت کے سیگریٹ چوری ہونے کی انوکھی واردات کا انکشاف ہوا ہے ، تالے کی سیل ٹوٹی اور نہ تالے ٹوٹے لیکن 2828 کاٹن سگریٹ چوری ہوگئی ، مدعی مقدمہ درج کرانے کے بعد حج پر چلا گیا ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل سلیم رحمان نے اراکین کمیٹی کو بتایا کہ صوابی ایف بی آر وئیر ہائوس میں 26 کروڑ روپے مالیت کے سگریٹ چوری ہونے کے حوالے سے صوابی پولیس کی رپورٹ آگئی ہے جس پر اراکین کمیٹی کے اسرار پر ایس پی انویسٹی گیشن صوابی افتخار احمد نے کمیٹی کو بتایا کہ ایف بی آر کے ڈی سی کی جانب سے دی گئی درخواست پر ایف بی آر صوابی وئیر بائوس سے 2828 سگریٹ کاٹن جن کی مالیت تقریبا 26 کروڑ روپے بنتی ہے چوری کا مقدمہ درج کیا گیا ۔

(جاری ہے)

صوابی تھانےکے تفتیشی آفیسر گل شیر خان نے کمیٹی کو اب تک کی تفتیش سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایف بی آر کے وئیر بائوس کے باہر نہ تالے ٹوٹے اور نہ ہی چوکیدار موجود تھا جس پر رکن کمیٹی دلاور عباس نے کہا کہ کیسا اتفاق ہے کہ چوری بھی سرکار کے وئیر ہائوس میں ہوئی ، مقدمہ کی مدعی بھی سرکار ہے اور تفتیش بھی سرکارکر رہی ہے ۔ تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ ایف بی آر کے افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا تو اس پر رابطہ نمبر نہیں تھا بڑی مشکل سے مذکورہ افسر کا نمبر حاصل کر کے رابطہ قائم کیا تو جواب ملا کہ میں تو ائیر پورٹ پر ہوں حج پر جارہا ہوں ، میں نے ان سے کہا کہ مجھے موقع ملاحظہ کرادیں تو اس طرف سے ٹھوس جواب نہیں ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش یہ پتہ چلا کہ 2828 سگریٹ کے کاٹن تقریبا 9 سے 10 ٹرکوں کے ذریعے لیجائے جاسکتے ہیں لیکن یہ حیرت انگیز بات تھی کہ وئیر ہائوس پر لگے ہوئے تالے کی سیل ٹوٹی ا ور نہ ہی تالے ٹوٹے لیکن اندر سے اتنی بڑی چوری ہوگئی ۔ تفتیش کے دائرہ کار کو آگے بڑھایا گیا تو بھی پتہ چلا کہ ایف آئی آر کے اندر وقوعہ کی تاریخ بھی درج نہیں ہے ۔

دوران تفتیش یہ بھی معلوم ہوا کہ یہ ضبط شدہ سگریٹ پہلے کسی اور گودام میں تھے اور انھیں صوابی وئیر ہاہوس منتقل کرنے کے دوران یہ سب کچھ ہوا اور صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی ، ہماری تفتیش کے مطابق صوابی وئیر ہائوس میں عملی طور پر نہیں صرف کاغذات میں ہی ضبط شدہ سگریٹ منتقل ہوئے اور یہ بعد ازاں ملی بھگت سے کہانی بنائی گئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کمپنی اور آئی آر ایس افسر کے درمیان سگریٹ ضبطگی پر ایک کیس بھی ہائیکورٹ میں چل رہا ہے ،اس کیس کے لئے یہ ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹرطلال چوہدری نے مزاح کے انداز میں کہا کہ ایسا کرتے ہیں اس افسر کے گھرجاتے ہیں وہ حج کرکے واپس آچکے ہونگے ان سے کھجوریں کھا لیں اور آب زم زم تو پی لیں ۔