ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

منگل 19 اگست 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام محکموں کے سربراہان، ضلعی و انتظامی افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سمگلنگ، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، منشیات اور مقامی بدمعاشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

بجلی چوری کی نشاندہی پر فوری ایف آئی آر درج کرنے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہ دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری افسران اپنے دفاتر کی سکیورٹی یقینی بنائیں اور کرائے کے گھروں میں رہائش پذیر افراد کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جائے۔ خانہ بدوشوں اور اجنبی افراد پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سبی نے واضح کیا کہ شہری حدود میں تجاوزات اور گداگری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تخریب کاری اور دہشت گردی جیسے واقعات اکثر سہولت کاری کے باعث ہوتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ افسران اپنے دفاتر اور ارد گرد آنے جانے والے افراد کی مکمل جانچ پڑتال کریں۔اجلاس میں قانون و امن کی صورتحال کو مزید موثر بنانے اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز اور فیصلے بھی کیے گئے۔