افواج پاکستان کا پائلٹ آفیسر ر اشد منہاس (نشان حیدر) کے 54 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت

بدھ 20 اگست 2025 01:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاکستان کی مسلح افواج نے پائلٹ آفیسر ر اشد منہاس (نشان حیدر) کے 54 ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے جن کی عظیم قربانی فرض کیلئے حوصلے اور عزم کی اعلیٰ ترین روایات کا مظہر ہے۔

آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق آج کے دن 1971ء میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے بے لوث اور غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی خود مختاری کے تحفظ کیلئے جام شہادت نوش کیا۔ ان کا ناقابل تسخیر جذبہ، وفاداری اور حب الوطنی مسلح افواج اور قوم کیلئے ایک لازوال تاثر رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کی بہادری کا تاریخی عمل، ہتھیار ڈالنے کے بجائے قربانی کا انتخاب، ہمارے قومی ضمیر کو آزادی کی قیمت اور مادر وطن کے دفاع کیلئے درکار حوصلے کی لازوال یاد دہانی کے طور پر روشن کرتا ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج ان کی لازوال میراث کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتی ہیں اور ان اقدار کو برقرار رکھنے کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں جن کا انہوں نے اتنی بہادری سے دفاع کیا۔ راشد منہاس کا نام قوم کی تاریخ میں ہمیشہ وفا، حوصلے اور فخر کی علامت کے طور پر یاد رہے گا۔