متحدہ عرب امارات کا غزہ میں 75 واں ایئر ڈراپ آپریشن مکمل، 4 ہزار ٹن امدادی سامان فراہم کیا

بدھ 20 اگست 2025 10:10

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) متحدہ عرب امارات کا غزہ میں 75 واں ایئر ڈراپ آپریشن مکمل ہو گیا جس کے تحت خوراک، ہنگامی طبی امداد اور ضروری امدادی اشیا فضا سے گرائی گئیں۔ اردو نیوز کے مطابق یہ امدادی ایئر ڈراپ آپریشن اردن کے تعاون سے کیا جا رہا ہے، جرمنی، اٹلی، فرانس، ہالینڈ،بیلجیم اور ملائیشیا اس میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ امدادی سامان امارات کےخیراتی اداروں کے تعاون سے بھیجا گیا تاکہ غزہ میں مشکل صورتحال سے دوچار فلسطینیوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ اب تک مجموعی طور پر 4 ہزار 12 ٹن سے زیادہ امدادی سامان غزہ پہنچایا جا چکا ہے جس میں خوراک اور اشیاء ضروریہ شامل ہیں۔ غزہ میں انسانی ہمدردی کی کوششیں متحدہ عرب امارات کی فلسطینی عوام کی حمایت کے عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں قحط کی بدترین صورتحال سامنے آرہی ہے اور وسیع پیمانے پر اموات سے بچنے کےلیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔