غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں 18ہزار885 بچے شہید ہو چکے ہیں ، رپورٹ

بدھ 20 اگست 2025 11:21

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے کہا ہے کہ غزہ میں تقریباً دو سال سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں18ہزار885بچےشہید ہو چکے ہیں ،شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 62ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی( یو این آر ڈبلیو اے ) نے کہا ہے کہ غزہ میں بچوں کے لیے کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے ، اور اسرائیل کی جانب سے اشد ضروری امداد اور طبی سامان کی ناکہ بندی کی وجہ سے یہاں کے مکین خصوصا بچے بھوک سے مر رہے ہیں۔

ادار ے نے کہا کہ اسرائیل کی مسلسل بمباری کے دوران غزہ میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام سکول لاکھوں لوگوں کے لیے پناہ گاہوں کاکام کر رہے تھے تاہم اب یہ پناہ گاہیں بھی غزہ کے مکینوں کے لئے جن میں بہت سے بچے شامل ہیں،مقتل بن چکی ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یونیسیف کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے یک طرفہ طور پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے اور حملے دوبارہ شروع کرنے کے بعد گزشتہ پانچ ماہ سے غزہ میں ہر ماہ اوسطاً 540 سے زیادہ بچے شہید ہو گئے ہیں۔ عالمی انتباہات کے باوجود اسرائیلی افواج غزہ شہر پر حملوں میں تیزی لا رہی ہیں جن میں بڑی تعداد میں امدادی مراکز پر جمع فلسطینی مارے جا رہے ہیں ۔