ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب

زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 اگست 2025 11:21

ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب
اسلام آبد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2025ء ) ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ربیع الاوّل 1447 ہجری کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 24 اگست بروز اتوار 29 صفر کو شام 6 بج کر 30 منٹ پر وزارتِ مذہبی امور کے کوہسار بلاک کی چھت پر منعقد ہوگا، اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ مرکزی اجلاس کے علاوہ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد ہوں گے، جہاں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر ماہ ربیع الاوّل کا اعلان کیا جائے گا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی کی لائیو کوریج کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سپارکو نے ربیع الاول 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت بارے پیشگوئی کردی، اس ضمن میں سپارکو کا کہنا ہے کہ ربیع الاول کا چاند 23 اگست 2025ء کو دن 11 بج کر 06 منٹ پر پیدا ہونے کی توقع ہے، 24 اگست 2025ء کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 32 گھنٹے اور 13 منٹ ہوگی، ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان وقت کا دورانیہ تقریباً 45 منٹ ہوگا، موسم صاف ہونے کی صورت میں 24 اگست 2025ء کی شام کو چاند نظر آنے کے امکانات ہیں، جس کے باعث ربیع الاول کی پہلی تاریخ 25 اگست 2025ء کو ہونے کی توقع ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ 12ربیع الاول جمعہ کے روز ہونے کی صورت میں ملازمین تین چھٹیاں انجوائے کریں گے، اگر رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ربیع الاول کا چاند24اگست کو نظر آنے کا اعلان کیا جاتا ہے تو اس ترتیب سے 12ربیع الاول عید میلاد النبیﷺ 5 ستمبر بروز جمعہ کو ہو گی اوراس روز ملک میں عام تعطیل ہوتی ہے ،6ستمبر کو ہفتہ اور7ستمبر کو اتوار کی تعطیلات کے ساتھ ملازمین تین چھٹیاں منائیں گے ، دوسرے شہروں سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین نے جمعرات کے روز ڈیوٹی مکمل کر کے آبائی علاقوں کو روانگی کی منصوبہ بندی شروع کر دی ۔