روس کی چین کو پائپ لائن گیس کی برآمد میں 21.3 فیصد اضافہ

بدھ 20 اگست 2025 11:56

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) روس نے جنوری تا جولائی 2025 کے دوران چین کو 5.69 ارب ڈالر مالیت کی پائپ لائن گیس برآمد کی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 21.3 فیصد زیادہ ہے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کی رپورٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز نے جاری کیے ہیں۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کے مطابق چین کو پائپ لائن گیس فراہم کرنے والے ممالک میں روس پہلے نمبر پر ہے تاہم کسٹمز نے فراہم کی جانے والی گیس کی مقدار کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

روس کے بعد ترکمانستان دوسرے نمبر پر ہے جس کی برآمدات 12.7 فیصد کم ہو کر 4.95 ارب ڈالر رہیں۔ اس فہرست میں میانمار 922 ملین ڈالر ، قازقستان 600 ملین ڈالر اور ازبکستان 460 ملین ڈالر مالیت کی گیس کی فراہمی کے ساتھ شامل ہیں۔چینی کسٹمز کے مطابق 2024 میں چین نے مجموعی طور پر 21.1 ارب ڈالر مالیت کی پائپ لائن گیس درآمد کی جو 2023 کے مقابلے میں 8.6 فیصد زیادہ ہے، صرف روس سے درآمدات 25 فیصد بڑھ کر 8.03 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔