فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفی کی رفح کراسنگ آمد

غزہ کے انتظام کے لیے جلد عبوری کمیٹی تشکیل دی جائے گی،گفتگو

بدھ 20 اگست 2025 17:14

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)فلسطینی وزیر اعظم محمد مصطفی نے پیر کو اعلان کیا کہ غزہ کی پٹی کے انتظام کے لیے جلد ہی ایک عبوری کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔مصر میں رفح کراسنگ کے سامنے پہنچ کر مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعطی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ہم غزہ میں ایک نیا سیاسی وجود قائم نہیں کر رہے ہیں بلکہ اداروں کے کام کو دوبارہ فعال کر رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ تنظیم آزادی فلسطین [پی ایل او] فلسطینی عوام کی واحد جائز نمائندہ تنظیم ہے۔محمد مصطفی نے غزہ میں فلسطینی اتھارٹی کے اداروں اور حکومت کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کی پٹی کا نظم و نسق اقتدار یا حکمرانی کی خواہش نہیں ہے بلکہ نقل مکانی کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی ایک عظیم ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

فلسطینی وزیر اعظم نے فلسطینی کاز کے لیے مصر کے کردار کو فلسطینیوں کے لیے نقل مکانی کے منصوبوں کے خلاف ایک "مضبوط ڈیم" قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ کو فوری طور پر روکنا چاہیے۔محمد مصطفی نے مزید کہا کہ رفح کراسنگ فلسطینیوں کی زندگیوں کے لیے ایک گیٹ وے ہونا چاہیے اور ہم اسرائیل کی طرف سے امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے سے روکے جانے کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے امداد کی ترسیل کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے پر بھی زور دیا اور کہا ہمیں غزہ میں امداد کی اجازت دینے کے لیے زیادہ موثر بین الاقوامی کارروائی اور اسرائیل پر دبا بڑھانے کی ضرورت ہے۔ فلسطینی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم قاہرہ میں غزہ کی تعمیر نو کانفرنس کے انعقاد کے لیے مصر کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مصری وزیر خارجہ نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی اتھارٹی کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کو پٹی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے با اختیار ہونا چاہیے۔ فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کے منصوبوں کے بارے میں عبدالعا طی نے کہا کہ ہم واضح طور پر فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم نام نہاد گریٹر اسرائیل کے بارے میں اسرائیلی بیانات کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا گریٹر اسرائیل ایک وہم اور فریب ہے۔انہوں نے کہا کہ مصر غزہ کی پٹی کو ضروری خوراک اور طبی امداد فراہم کر سکتا ہے جبکہ اس پٹی کے مکینوں کی تمام ضروریات کو پورا کر سکتا ہے بشرطیکہ اسرائیل رفح کراسنگ اور دیگر گزرگاہوں پر عائد رکاوٹوں کو دور کرے۔ مصری عہدیدار نے مزید کہا کہ پانچ سے زیادہ کراسنگ اسرائیل کو غزہ کی پٹی سے جوڑتی ہیں اور اسرائیل کی واضح قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ کراسنگ کو کھولے تاکہ امداد پہنچ سکے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ مصر غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات میں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس مقصد کے لیے فلسطینی اور قطری وفود مصر میں موجود ہیں۔