بٹیر ، طوطوں ، تیتر اور گلابی تلیرکے غیرقانونی شکار ، کاروبار اور قبضہ کی پاداش میں 15ملزمان گرفتار

بدھ 20 اگست 2025 17:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اورسیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر صوبہ میں چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی زیر قیادت جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیرقانونی شکار ، کاروبار اور قبضہ کیخلاف شدید کریک ڈائون جاری ہے ۔ترجمان محکمہ جنگلی حیات کے مطابق قصور ، جھنگ ، میانوالی ، بھکر ، اٹک ، ڈی جی خان ، راجن پور اور مظفر گڑھ سے بٹیر ، طوطوں ، تیتر اور گلابی تلیرکے غیرقانونی شکار ، کاروبار اور قبضہ کی پاداش میں 15ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 50 زندہ بٹیر،8طوطے اور ایک کالا تیتر بازیاب کرلیاگیا جبکہ 9ملزمان کو 3لاکھ سے زائد جرمانہ ہوا اور ضبط کئے گئے تمام جنگلی پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کردئیے گئے۔

(جاری ہے)

بقیہ ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی جاری ہے ۔ ترجمان کے مطابق لاہور ریجن سے ضلع قصور میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر مس زوہا نے ایک شخص کے غیرقانونی قبضہ سے 3را طوطے ،5کاٹھے طوطے اور ایک پنجرہ برآمد کرکے اسے مبلغ 50ہزار روپے جرمانہ کیااور طوطے عدالتی حکم پر آزاد کردئیے ۔ اسی طرح کی ایک کامیاب کارروائی کے دوران ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر چشمہ شیخ زاہد اقبال کی سربراہی میں ایک بٹیر کے غیرقانونی ڈیلر کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 50زندہ بٹیر برآمد کرکے مال مقدمہ سمیت عدالت میں پیش کیا ۔

عدالت نے ملزم کو 50ہزار روپے جرمانہ کرکے پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کرنے کاحکم صادر فرمایا ۔ ایسی ہی متعدد کامیاب کارروائیوں کے دوران ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ڈی جی خان سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز ڈی جی خان ، مظفر گڑھ اور راجن پور نے بٹیر کے ناجائز شکار پر 9شکاریوں کے چالان کرکے 3کو 63ہزار محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا جبکہ 6مقدمات پر کارروائی ابھی باقی ہے ۔

اسی طرح کی دو مختلف کامیاب کارروائیوں میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر بھکر عبداللہ بلال نے ناجائز شکار بٹیر پر 2شکاریوں کے چالان کرکے انہیں ایک لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیااور کیس نمٹادئیے ۔ایسی ہی ایک کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر اٹک شاہ زیب خورشید نے غیرقانونی قبضہ تیتر پر ایک شخص کو گرفتار کرکے اسے 20ہزار جرمانہ کیا اور کالا تیتر آزاد کردیا جبکہ ایسی ہی ایک مزید کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر جھنگ عروج ظہیر نے گلابی تلیرکے ایک شکاری کو موقع پر گرفتار کرکے 31ہزارروپے جرمانہ کرکے کیس نمٹادیا ۔