پشاورہائیکورٹ کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر نہ کرنے کے حکم امتناع میں توسیع

اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے جواب طلب‘ نئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کی تقرری نہ کرنے کے حکم امتناع میں بھی توسیع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 اگست 2025 14:46

پشاورہائیکورٹ کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر نہ ..
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 اگست ۔2025 )ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی اورسینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کاتقرر نہ کرنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز کی ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس وقار احمد اور جسٹس ڈاکٹر کامران حیات میاںخیل نے کی جس میں عدالت نے نئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کی تقرری نہ کرنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی عدالت نے سینیٹ میں نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری پر بھی حکم امتناع میں توسیع کردی.

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل بشیر خان وزیر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ اسپیکر اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ نے درخواست گزاروں کو ڈی نوٹیفائی کیا، اس پر ہم نے عدالت سے رجوع کیا عمر ایوب اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور شبلی فراز اپوزیشن لیڈر سینیٹ ہیں. وکیل نے بتایا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر حکم امتناع جاری کیا قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری روک دی الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کو نااہل کیا اس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی سے روکا عدالتی احکامات کے بعد اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ نے درخواست گزاروں کو ڈی نوٹی فائی کیا الیکشن کمیشن اور اسپیکر کے کمنٹس ابھی تک نہیں آئے.

عدالت میں اسپیشل سیکرٹری لا الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ہمارے کمنٹس تیار ہیں ، تاہم کیسز کی وجہ سے جمع نہیں کروائے جسٹس وقار احمد نے کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کی بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی.