اسرائیل کو ملی کھلی چھوٹ سب کو چبھنے لگی تھی، شیری رحمان

سمجھ نہیں آرہا تھا ایسا کیا کردیا کہ پیپلز پارٹی پر الفاظ کی گولہ باری شروع کردی گئی،نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 10 اکتوبر 2025 11:32

اسرائیل کو ملی کھلی چھوٹ سب کو چبھنے لگی تھی، شیری رحمان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کو ملی کھلی چھوٹ سب کو چبھنے لگی تھی۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی اسرائیل کی سبکی ہوئی، اسرائیل کے بہت سارے اتحادیوں نے بھی اس پر بہت دباؤ ڈالا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جی سی سی ممالک پر حملہ کر کے اسرائیل نے ریڈ لائن کراس کی، اسرائیل نے خود اپنے پیر پر کلہاڑی ماری ہے، اسرائیل نے فلسطینیوں کی جانوں کو کچھ نہیں سمجھا۔نائب صدر پی پی نے کہاکہ ہم ہمیشہ پارلیمان کو پرامن طریقے سے چلانے کو ترجیح دیتے ہیں، ہمیں سمجھ نہیں آرہا تھا کہ ایسا کیا کردیا کہ پیپلز پارٹی پر الفاظ کی گولہ باری شروع کردی گئی۔شیری رحمان نے کہا کہ اس معاملے پر کسی کو صوبائی کارڈ کھیلنے کی ضرورت نہیں تھی، بی آئی ایس پی کا ریلیف پروگرام بہت زبردست ہے، یہ عالمی طور پر تسلیم کیا جاچکا ہے۔