فرانس میں پاکستانی سفیرممتاززہرا بلوچ نے پرنسپلٹی آف مونا کو میں بطور سفیر اپنی اسناد سفارت پیش کردیں

جمعہ 10 اکتوبر 2025 12:27

فرانس میں پاکستانی سفیرممتاززہرا بلوچ نے پرنسپلٹی آف مونا کو میں  بطور ..
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) فرانس میں پاکستانی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے پرنسپلٹی آف موناکو میں بطور سفیر اپنی اسناد سفارت پیش کر دیں۔ فرانس میں پاکستانی سفارت خانہ کے آفیشل ایکس پر پوسٹ کے مطابق پاکستانی سفیر نے 7 اکتوبر 2025 کو موناکو کے شاہی محل میں منعقدہ پروقار تقریب کے دوران اپنی اسناد سفارت پیش کیں ۔

(جاری ہے)

شاہی محل آمد پر پاکستانی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پرنسپلٹی آف موناکو کی محافظ کمپنی ڈیس کیرابینیرز کا معائنہ کیا، اس کے بعد انہیں شاہی محل کے ہال آف مررز میں لے جایا گیا جہاں انہوں نے پرنسپلٹی آف موناکو کے فرمانروا شہزادہ البرٹ دوم کو باضابطہ طور پر اپنی اسناد سفارت پیش کیں ۔ اسناد سفارت پیش کرنے کے بعد سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے تہنیتی پیغامات شہزادہ البرٹ کو پہنچائے ۔ انہوں نے موناکو کے ساتھ دوطرفہ مکالمہ اور تعلقات کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی پرخلوص خواہش کا بھی اظہار کیا۔