Live Updates

گلوبل وارمنگ اور کلائمٹ چینج ایک حقیقت ہیں، میئر کراچی

انتظامیہ نے دن رات محنت کر کے بارش کے بعد صورتحال پر قابو پایا،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 20 اگست 2025 20:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آج کی پریس کانفرنس کا مقصد شہریوں کو گزشتہ روز سے آج تک کی صورتحال سے آگاہ کرنا ہے۔ سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ گلوبل وارمنگ اور کلائمٹ چینج ایک حقیقت ہیں، جسے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ دنیا کے تمام بڑے شہر اس کے اثرات بھگت رہے ہیں۔

نیویارک، دبئی اور ممبئی کی مثالیں سب کے سامنے ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث تباہ کن صورتحال پیدا ہوئی، ہمارے پاس دو آپشن ہیں، یا تو ہم موسمیاتی تبدیلی کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے آپ کو بدلیں اور عملی اقدامات کریں یا پھر صرف تنقید اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر وقت ضائع کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی دوپہر فریئر ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد اور دیگر منتخب نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ گزشتہ روز شہر میں موسلا دھار بارش کے دو اسپیل آئے۔

(جاری ہے)

پہلا اسپیل صبح شروع ہوا،بارش رکنے کے بعد انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر نکاسی آب کے کام شروع کیے اور دن ساڑھے بارہ بجے تک کراچی کی مرکزی شاہراہوں پر صورتحال بڑی حد تک بہتر ہو گئی تھی۔ تاہم دوسرا اسپیل سہ پہر سوا ایک بجے شروع ہوا جو شام ساڑھے چھ بجے تک مسلسل تیز بارش کی صورت جاری رہا، لیکن اس کے بعد بھی رات گئے تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، انہوں نے بتایا کہ صرف منگھو پیر کے علاقے میں 235 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر بھر میں 12 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 170 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی۔

یہ ایک غیر معمولی بارش تھی جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران کچھ حلقوں نے سیاسی تنقید اور پوائنٹ اسکورنگ بھی کی لیکن حقیقت یہ ہے کہ کراچی کے نالے زیادہ سے زیادہ 40 ملی میٹر بارش برداشت کرنے کی گنجائش رکھتے ہیں، جب بارش اس حد سے کئی گنا زیادہ ہو تو اس کے اثرات ظاہر ہونا لازمی ہیں، 2020 میں جب بارش ہوئی تھی تو نرسری کا علاقہ ڈوب گیا تھا اس وقت 24 گھنٹوں تک اس علاقے کو کلیئر نہیں کیا جاسکا تھا، لیکن کل کی بارش میں جب میں نے اس نالے کا دورہ کیا تو اس نالے سے بارش کے پانی کی نکاسی مسلسل جاری تھی اور کوئی رکاوٹ موجود نہیں تھی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں کیونکہ ریسکیو آپریشن میں سب سے بڑا چیلنج ٹریفک کی روانی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی انتظامیہ مکمل طور پر فیلڈ میں موجود ہے اور مسلسل نکاسی آب کے کاموں میں مصروف ہے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون اور انتظامیہ کی دن رات محنت کے ذریعے صورتحال پر بڑی حد تک قابو پایا گیا ہے اور ان شاء اللہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ شہریوں کی خدمت جاری رکھی جائے گی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات