محمدنواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں پولی نیٹرمکھیوں کے تحفظ بارےبین الاقوامی سیمینار کا انعقاد

بدھ 20 اگست 2025 23:07

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) محمدنواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کے زیر اہتمام بدھ کے روز"مفید پولی نیٹر مکھیوں کے تحفظ میں سٹیزن سائنس کے کردار" کے موضوع پر بین الاقوامی آن لائن سیمینارکا انعقاد ہوا۔امریکہ کی یونیورسٹی آف جارجیا سے پروفیسر بیکی گرفن نے ویڈیو لنک کے ذریعے سیمینار سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹیزن سائنس پولی نیٹرز کے تحفظ کی ایک مؤثر اور کم لاگت حکمت عملی ہے جو کمیونٹی کی سطح پرحاصل ہونے والے معیاری ڈیٹا کو تحقیق،پالیسی سازی اورعملی فیصلوں میں براہ راست استعمال کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے اسکولوں،کسان تنظیموں اور کمیونٹی گروپس کے ذریعے آسان مشاہداتی پروٹوکول، فوٹو تصدیق،کم لاگت باغیچوں کے ماڈلزاور ڈیٹا کے معیار کی اہمیت پرزوردیا۔

(جاری ہے)

اس دوران پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید نے پنجاب میں کپاس کے لیے آئی پی ایم پروگرام کے کامیاب نتائج پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سےغیر ضروری سپرے کم ہوئے،حیاتیاتی توازن بہتر ہوااورکسان گروپس و کمیونٹیز کے ذریعے فیصلہ سازی میں شراکت بڑھی۔

انہوں نے زوردیا کہ یہ پروگرام ہرسال پنجاب بھرمیں نافذ کیا جائے تاکہ اس کے دیرپا نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ پروٹیکشن پروفیسرڈاکٹر محمد اشفاق نے مقررین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سٹیزن سائنس اورآئی پی ایم کے امتزاج سے تحقیق اورکسانوں کی فیصلہ سازی دونوں میں بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ جامعہ ہرسال سمارٹ پلانٹ پروڈکشن اورشہد کی مکھیوں سے متعلق دو بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد کرتا ہے۔سیمینار میں ڈاکٹرمدثرعلی،ڈاکٹرفواد ظفر احمد خان،ڈاکٹرحافظہ طاہرہ گل،پی ایچ ڈی سکالرصبا حیدرسمیت دیگرفیکلٹی اراکین اور طلباء بھی شریک تھے۔