Live Updates

جمعیت علمائے اسلام سندھ کا حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر شدید ردعمل کا اظہار

بارش نے صوبائی حکومت کی مکمل ناکامی کو بے نقاب کر دیا ہے، سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود

بدھ 20 اگست 2025 23:10

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء) جمعیت علمائے اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش نے صوبائی حکومت کی مکمل ناکامی کو بے نقاب کر دیا ہے، صوبائی ترجمان ڈاکٹر اے جی انصاری کی جانب سے جاری بیان میں راشد محمود سومرو نے کہا کہ میئر کراچی فوری طور پر مستعفی ہوں، پندرہ برسوں سے بجٹ ہڑپ کیا جا رہا ہے لیکن کراچی سمیت پورا سندھ کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے نالوں کی صفائی، ایمرجنسی منصوبے اور نئی تعمیرات محض کاغذوں تک محدود ہیں۔

(جاری ہے)

علامہ سومرو کا کہنا تھا کہ بارش کے بعد شہر قائد میں بدترین صورتحال پیدا ہو چکی ہے، خواتین اور بچے اذیت ناک حالات سے دوچار ہیں اور شہریوں کو گھروں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب تو لگتا ہے شہریوں کو بارشوں سے نمٹنے کے لیے کشتیاں خریدنی پڑیں گی، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کا حال یہ ثابت کر رہا ہے کہ اس شہر کا کوئی والی وارث نہیں جبکہ پیپلز پارٹی وسائل پر ہاتھ صاف کر رہی ہے لیکن عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جے یو آئی نے کراچی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی بحالی اور امداد کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی و سٹی حکومت کو عوام سے اپنی ناکامی پر معافی مانگنی چاہیے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات