نظامت قانون و انسانی حقوق اور یو این ڈی پی کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

بدھ 20 اگست 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)نظامت قانون و انسانی حقوق خیبر پختونخوا اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون سے پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں ہیومن رائٹس کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد صوبے میں ہیومن رائٹس سے متعلق کام کرنے والے مختلف محکموں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔

سیمینار میں مختلف محکموں بشمول آر ٹی ایس، آر ٹی آئی، اور چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے اعلیٰ افسران اور نمائندوں نے شرکت کی اور متعلقہ محکموں کے جانب سے انسانی حقوق کی بالادستی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ہیومن رائٹس کمیشن کے نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں ہیومن رائٹس کا قانون بہت مضبوط ہے اور صوبائی و ضلعی سطح تک ان کے دفاتر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس قانون کو مزید مؤثر بنانے اور عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔نظامت قانون و انسانی حقوق کے حکام نے کہا کہ تمام ادارے ایک ہی مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں اور انہیں مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لئے مربوط اقدامات اٹھانے کے لئے اقدامات اٹھانے ہونگے۔ حکام نے زور دیا کہ نظامت قانون و انسانی حقوق اور یو این ڈی پی خواتین کو مالی طور پر مضبوط بنانے کے لئے اقدامات کریں اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے اداروں کو مزید بااختیار بنانے پر توجہ دیں۔

سیمینار کے شرکاء کو مزید بتایا گیا کہ ہر ضلع میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیومن رائٹس کا انچارج ہوتے ہیں اور ضلعی انتظامیہ ہیومن رائٹس پر کام کر رہی ہے۔ سیمینار میں خواتین کو ان کے حقوق دینے اور ان کی ہراسانی جیسے معاملات کی روک تھام پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام اداروں کا باہم تعاون اور ربط بہت ضروری ہے۔ سیمینار کا مقصد نہ صرف اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط کرنا تھا بلکہ عوام کو ہیومن رائٹس کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا اور انہیں انصاف کی فراہمی کے عمل میں شامل کرنا بھی تھا۔ تقریب کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ یہ سیمینار صوبے میں ہیومن رائٹس کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔