کوہاٹ اور سوات میں خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں

جعلی شہد اور ہزاروں لیٹر غیر معیاری مشروبات برآمد،ایف آئی آر درج، گودام سیل ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، وزیر خوراک کی ہدایت

بدھ 20 اگست 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموںنے سوات اور کوہاٹ میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ روز بھاری مقدار میں جعلی شہد اور غیر معیاری مشروبات برآمد کرلیے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق سوات کے سیاحتی مقام کالام میں سوات فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران ایک ہوٹل کے کمرے سے سو کلو سے زائد جعلی شہد پکڑ کر بحق سرکار ضبط کرلیا اور ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی جبکہ ہوٹل کے کمرے بھی سیل کردیے گئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع ملنے پر کوہاٹ فوڈ سیفٹی ٹیم نے نہر چنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام سے ساڑھے پانچ ہزار لیٹر (5500 لیٹر) مس لیبلڈ اور غیر معیاری کولڈ ڈرنکس برآمد کرکے ضبط کرلیے گئے جبکہ گودام کو سیل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

دکان مالکان کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔ اسی دوران ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مختلف دکانوں پر بھی چھاپے مارے گئے، جہاں سے دودھ اور خوردنی تیل کے نمونے لیے گئے۔

سیمپل فیل ہونے پر استعمال شدہ تیل کو تلف کردیا گیا جبکہ ناقص صفائی کے باعث ایک بیکری کو بھی سیل کردیا گیا۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کارروائیوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ غیر معیاری خوراک میں ملوث عناصر کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے انسان دشمن عناصر کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔