سعودی عرب، ایران اور قطر کا پاک افغان سرحدی جھڑپوں پر شدید تشویش کا اظہار، دونوں ممالک سے تحمل، صبر اور بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی اپیل کردی

اتوار 12 اکتوبر 2025 12:15

سعودی عرب، ایران اور قطر کا پاک افغان سرحدی جھڑپوں پر شدید تشویش کا ..
ریاض،تہران،دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) سعودی عرب،ایران اور قطر نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی جھڑپوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل، صبر اور بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی اپیل کی ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق پاک افغان بارڈر صورتحال پر سعودی حکام نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی جھڑپوں پر تشویش ہے، دونوں ممالک سے تحمل، صبر اور بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی اپیل ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی کم کرنا ضروری ہے، پاکستان اور افغانستان کے عوام کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعاگو ہیں ادھر ایرانی وزارت خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کی حالیہ کشیدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی حالیہ کشیدگی پر تشویش ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہر ملک کی علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کا احترام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان اور افغانستان فوری مذاکرات کریں۔اسماعیل بقائی کے مطابق ایران پڑوسیوں میں کشیدگی کم کرانے میں مدد کے لیے تیار ہے۔قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک تحمل، بات چیت اور سفارتکاری سے مسائل حل کریں، خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی ناگزیر ہے۔قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام کے امن و خوشحالی کے لیے پُرعزم ہیں،پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی خطے کے امن پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔

واضح رہے کہ افغان فورسز کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بھر پور جواب دیا،سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں بھاری جانی نقصان کے بعد طالبان چیک پوسٹیں اور لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔