بھارت، ماں، باپ اور بڑا بیٹا قتل، ذہنی مسائل میں مبتلا چھوٹا بیٹا لاپتہ

واردات کا انکشاف اس وقت ہوا جب ہمسایوں نے پولیس کو گھر سے بدبو اٹھنے کی اطلاع دی،رپورٹ

جمعرات 21 اگست 2025 16:08

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں تہرے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں میاں بیوی سمیت 24 سالہ بیٹا مردہ حالت میں اپنے گھر سے برآمد ہوا جبکہ ایک بیٹا لاپتہ ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق واردات کا انکشاف اس وقت ہوا جب ہمسایوں نے پولیس کو گھر سے بدبو اٹھنے کی اطلاع دی۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ 50 سالہ پریم سنگھ اور 24 سالہ بیٹا ہرتیک نچلی منزل میں بنے تالاب میں مردہ پائے گئے جبکہ اسی گھر کی پہلی منزل سے 45 سالہ خاتون راجنی کی لاش برآمد ہوئی، خاتون کے منہ پر کپڑا بندھا ہوا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے تہرے قتل کا یہ واقعہ کئی دن پرانا ہے۔پولیس کے مطابق اہلِ محلہ نے بتایا ہے کہ اس موقع واردات کے دوران گمشدہ ہونے والا 23 سالہ بیٹا سدھارتھ کئی برسوں سے ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہے اور اس کا علاج مختلف اسپتالوں میں جاری تھا۔

(جاری ہے)

تفتیش کے دوران گھر سے ملنے والی دوائیوں اور دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ سدھارتھ کا گزشتہ 12 برسوں سے علاج چل رہا تھا، بتایا جا رہا ہے کہ سدھارتھ جارحانہ رویے اور اوبسیسیو کمپلسِو ڈس آرڈر کا شکار تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے جبکہ گمشدہ بیٹے کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔