غزہ پرقبضے کی منصوبہ بندی ثالثی کوششوں کی کھلی خلاف ورزی ہے ، حماس

جمعرات 21 اگست 2025 16:27

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)فلسطینی تنظیم حماس نے اسرائیل کی جانب سے غزہ شہر پر کنٹرول کے لیے فوجی منصوبے کی منظوری کو عرب اور بین الاقوامی ثالثوں کی ان کوششوں کی بے توقیری قرار دیا ہے جو فلسطینی علاقے میں جاری جنگ کو روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ شہر کے خلاف نام نہاد آپریشن جدعون 2 کے اعلان کا مطلب ہے کہ یہ مسلسل جاری نسل کشی کی جنگ کو مزید بڑھانے اور جنگ بندی کے لیے ثالثوں کی کوششوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔

حماس نے اپنے بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو پر الزام لگایا کہ وہ جنگ بندی کے کسی معاہدے کو روکنے اور علاقے میں موجود اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ثالثوں کی تجویز کو نظر انداز کرنا اور اس پر کوئی جواب نہ دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ اصل میں رکاوٹ ڈالنے والے خود نیتن یاہو ہیں، جنھیں اپنے قیدیوں کی زندگی کی پروا نہیں اور وہ ان کی بازیابی کے حوالے سے سنجیدہ بھی نہیں ہیں۔