عوامی نمائندے انسدادِ ڈینگی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ،رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کا ڈینگی ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی راولپنڈی کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 21 اگست 2025 17:09

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) راولپنڈی میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں جمعرات کی صبح اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کی۔اجلاس میں سینیٹر ناصر محمود بٹ، رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر احمد، رکن پنجاب اسمبلی تحسین فواد، سابق میئر سردار نسیم احمد، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان اور دیگر پارلیمنٹرینز نےشرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے اجلاس میں سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کی ناقص کارکردگی پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ سے پارلیمنٹرینز کی ڈیوٹیاں ڈیوٹی روسٹر پر لگائی جائیں گی تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ڈینگی مخالف سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔

ایم این اے طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ عوامی نمائندے انسدادِ ڈینگی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اجلاسوں میں کوتاہیوں کی نشاندہی کریں تاکہ ان اقدامات سے مثبت نتائج سامنے آئیں۔فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اجلاس کل صبح 8 بجے منعقد ہوگا جس میں سی ای او ہیلتھ بذاتِ خود رپورٹ پیش کریں گے۔اجلاس میں شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ گھروں اور دفاتر میں پانی جمع نہ ہونے دیں، برتن، ٹائروں اور گملوں کو خشک رکھیں، کھڑکیوں اور دروازوں پر جالی لگائیں اور مچھر مار اسپرے کا استعمال یقینی بنائیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ انسدادِ ڈینگی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ اس خطرے پر قابو پایا جا سکے۔