مصر ،13سالہ لڑکا نوڈلز کے 3 پیکٹ کھا کر موت کو گلے لگا بیٹھا !

موت کی وجہ انسٹنٹ نوڈلز کی بڑی مقدار کھانے سے پیدا ہونے والی سنگین طبی پیچیدگیاں تھیں،رپورٹ

جمعرات 21 اگست 2025 17:19

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)مصری دار الحکومت قاہرہ میں 13 سالہ حمزہ الوزان کی اچانک موت نے مصر میں نوڈلز کے استعمال پر شدید بحث کا آغاز کر دیا۔ رپورٹوں کے مطابق مذکورہ لڑکے نے بیک وقت تین پیکٹ نوڈلز بغیر پکائے کھا لیے تھے۔ حمزہ کے والد نے دیگر والدین کو خبردار کیا کہ اپنے بچوں کو نوڈلز سے دور رکھیں، جس سے سوشل میڈیا پر خوف اور تشویش مزید بڑھ گئی۔

ابتدائی تفتیش میں نوڈلز کو معیار کے مطابق قرار دیا گیا، مگر امکان ظاہر کیا گیا کہ زیادہ مقدار کھانے سے صحت پر سنگین اثرات ہوئے۔ معدے اور آنت کے ماہر ڈاکٹر حسام عبدالعزیز نے صباح العربیہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی موت نہیں جو نوڈلز کے بعد سامنے آئی ہو۔ انھوں نے بتایا کہ 2022 میں بھی ایسا واقعہ ہوا تھا مگر مارکیٹ میں دستیاب مصنوعات محفوظ پائی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر حسام کے مطابق موت کی کئی ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں : بچے کو کسی جزو سے الرجی، مثلا گندم یا مصالحے میں شامل کیمیکلز، غیر پکی ہوئی چیز کا سانس کی نالی میں پھنس جانا یا ایک ساتھ زیادہ مقدار کھانے سے آنتوں میں رکاوٹ پیدا ہونا ... تاہم ان کا کہنا تھا کہ براہِ راست خوراک کو الزام نہیں دیا جا سکتا۔مزید وضاحت میں کہا گیا کہ نوڈلز میں موجود زیادہ کاربوہائیڈریٹ خون میں شوگر تیزی سے بڑھاتے ہیں اور موٹاپے میں اضافہ کرتے ہیں۔ اسی طرح اس میں سوڈیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو بلڈ پریشر، دل کے امراض، فالج اور گردوں کی خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے میڈیکل لیگل ٹیم کو لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دیا ہے۔ موت کی حتمی وجہ کا تعین ابھی باقی ہے۔