انتونیو گوتریش کی یمن میں یو این عملے کی گرفتاریوں کی شدید مذمت

منگل 7 اکتوبر 2025 13:48

انتونیو گوتریش کی یمن میں یو این عملے کی گرفتاریوں کی شدید مذمت
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے یمن میں حوثی کنٹرول والے علاقوں میں اقوام متحدہ کے مزید 9 اہلکاروں کی گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان گرفتاریوں کو غیرقانونی اور من مانی قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا کہ 2021 سے اب تک یمن میں اقوام متحدہ کے 53 اہلکاروں کو بغیر کسی قانونی جواز کے گرفتار کیا جا چکا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے دفاتر اور اثاثوں پر غیرقانونی قبضہ بھی جاری ہے جو تنظیم کی یمن میں انسانی امداد کی فراہمی اور امن کوششوں میں شدید رکاوٹ بن رہا ہے۔ گوتریش نے ان کارروائیوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تمام گرفتار اہلکاروں، این جی اوز، سول سوسائٹی اور سفارتی مشنز سے وابستہ افراد کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو بغیر کسی مداخلت کے اپنے فرائض انجام دینے کی اجازت دی جائے، اور اقوام متحدہ کے دفاتر و املاک کی ناقابلِ تنسیخ حیثیت کا احترام کیا جائے، جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور اس کی مراعات و تحفظات سے متعلق کنونشن میں درج ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ دستیاب تمام ذرائع کے ذریعے اپنے اہلکاروں کی محفوظ اور فوری رہائی کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری رکھے گی، اور یمنی عوام کی منصفانہ اور پائیدار امن کی خواہش کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گی۔