امریکی صدر کا تمام درآمدات پر25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

منگل 7 اکتوبر 2025 13:48

امریکی صدر کا تمام درآمدات پر25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم نومبر سے امریکا درآمد کئے جانے والے تمام درمیانے اور بھاری ٹرکوں پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق میڈیم اور ہیوی ڈیوٹی ٹرکوں پر ٹیرف عائد کرنے کا اقدام غیر ملکی مقابلے سے امریکی کمپنیوں کو بچانے کے لیے ان کی تجارتی پالیسی میں ایک بڑے اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ٹرمپ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ بھاری ٹرکوں پر نئی ڈیوٹیز یکم اکتوبر سے عائد کی جائیں گی تاکہ مینوفیکچررز کو غیر منصفانہ بیرونی مقابلے سے تحفظ مل سکے۔اس فیصلے کا فائدہ پیٹر بلٹ اور کین ورتھ کی ملکیت اور فریٹ لائنر کی ملکیت جیسی کمپنیوں کو ہوگا۔امریکا نے جاپان اور یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے تحت ہلکی گاڑیوں پر 15 فیصد ٹیرف پر اتفاق کیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ بڑے ٹرکوں پر بھی یہی شرح لاگو ہوگی یا نہیں۔

(جاری ہے)

یہ نئی ڈیوٹی ڈلیوری ٹرک، کچرا اٹھانے والے ٹرک، پبلک یوٹیلیٹی گاڑیاں، شٹل اور سکول بسیں، ٹریکٹر ٹرالرز اور ہیوی ڈیوٹی ووکیشنل گاڑیاں سب پر لاگو ہوگی۔امریکی چیمبر آف کامرس نے حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ نئے ٹرک ٹیرف نہ لگائے کیونکہ بڑے درآمدی ذرائع میں میکسیکو، کینیڈا، جاپان، جرمنی اور فن لینڈ شامل ہیں جو سب امریکا کے قریبی اتحادی ہیں اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں بنتے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2019 سے میکسیکو سے درمیانے اور بھاری ٹرکوں کی برآمدات تین گنا بڑھ کر 3 لاکھ 40 ہزار یونٹس تک پہنچ چکی ہیں۔یو ایس ایم سی اے معاہدے کے تحت اگر کسی بھاری ٹرک کی کم از کم 64 فیصد ویلیو شمالی امریکا میں تیار کی گئی ہو تو اسے ٹیرف سے استثنی حاصل ہے۔یہ ٹیرف اسٹیلینٹس کو بھی متاثر کر سکتا ہے جو میکسیکو میں ہیوی ڈیوٹی ریم ٹرک اور کمرشل وین تیار کرتی ہے اور جس نے حال ہی میں وائٹ ہاس پر زور دیا تھا کہ ان گاڑیوں پر بھاری ڈیوٹیز نہ لگائی جائیں۔

اسی دوران سوئیڈن کی کمپنی ولوو گروپ میکسیکو کے شہر مونٹیری میں 700 ملین ڈالر کی لاگت سے ایک ہیوی ٹرک پلانٹ بنا رہی ہے جو 2026 میں آپریشن شروع کرے گا۔میکسیکو نے بھی اس فیصلے کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ امریکا برآمد کیے جانے والے تمام میکسیکن ٹرکوں میں 50 فیصد امریکی پرزے اور انجن شامل ہوتے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال امریکا نے صرف میکسیکو سے 128 ارب ڈالر مالیت کے ہیوی وہیکل پرزے درآمد کیے جو امریکی درآمدات کا 28 فیصد بنتا ہے۔