خادم الحرمین شریفین کی مسجد قبلتین کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی ہدایت

منگل 7 اکتوبر 2025 13:48

خادم الحرمین شریفین کی مسجد قبلتین کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی ہدایت
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے مدینہ منورہ کی مسجد قبلتین کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبد العزیز نے اس اقدام پر شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت مقدس مقامات پر ہمیشہ خصوصی توجہ اور مسلسل دیکھ بھال کرتی ہے اور زائرینِ حرمین کے لیے خدمات میں بہتری کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ مسجد قبلتین کی خدمت اور آنے والے زائرین کی سہولت کے لئے بھرپور کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ مسجد قبلتین مسجد نبوی کے مغرب میں 5 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ وہ مسجد ہے جہاں دوران نماز قبلے کی تبدیلی کا حکم ہوا تھا۔ مدینے کے سب سے نمایاں تاریخی مقامات میں سے ایک ہے۔ مسجد قبلتین میں توسیع کے بعد یہاں 3 ہزار تک نمازیوں کی گنجائش ہے۔