چینی کمپنی کا ابوظہبی میں پہلا اوورسیز پلانٹ، 30 کروڑ درہم کی سرمایہ کاری

منگل 7 اکتوبر 2025 16:28

چینی  کمپنی کا ابوظہبی میں پہلا اوورسیز پلانٹ، 30 کروڑ درہم کی سرمایہ ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) خلیفہ اکنامک زونز ابوظہبی کیزاد گروپ نے اعلان کیا ہے کہ چین کی معروف کمپنی چائنا سدرن گلاس (سی ایس جی) متحدہ عرب امارات میں اپنا پہلا اوورسیز انٹیلی جنٹ مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرے گی۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ منصوبہ کمپنی کی جانب سے 300 ملین درہم کی سرمایہ کاری ہے جو صنعتی شہر مصفحہ میں واقع ہوگا۔

منصوبے کے تحت 400 تکنیکی اور ماہر ملازمتیں پیدا ہوں گی جو ابوظہبی کے صنعتی ترقی اور معیشت میں تنوع کے وژن کو تقویت دیں گی۔95 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط یہ فیکٹری سی ایس جی کا ریجنل ہیڈکوارٹر ہوگی، جو ہائی پرفارمنس توانائی بچانے والا گلاس تیار کرے گی۔ فیکٹری سالانہ 50 لاکھ مربع میٹر سے زائد کوٹڈ، لیمنیٹڈ اور انسولیٹنگ گلاس تیار کرے گی، جو امارات سمیت خلیج، یورپ، افریقہ اور امریکہ میں تعمیراتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں کو فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے ڈی پورٹس گروپ کے اکنامک سٹیز اینڈ فری زونز کے سی ای او عبداللہ الحمیلی نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری ابوظہبی کی صنعتی حکمتِ عملی اور کیزاد کے کردار پر اعتماد کا اظہار ہے۔ ان کے مطابق، یہ منصوبہ درجنوں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار کے گلاس کی مقامی پیداوار کو یقینی بنائے گا اور درآمدات پر انحصار کم کرے گا۔

جبکہ سی ایس جی گروپ کے نائب صدر و سی ایف او وین شِن وانگ کے مطابق ابوظہبی مشرقِ وسطیٰ میں کمپنی کی پہلی فیکٹری کے لیے بہترین مرکز ہے، جہاں عالمی معیار کی انفراسٹرکچر، جدید لاجسٹکس اور ریجنل و عالمی منڈیوں تک براہِ راست رسائی دستیاب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی فیکٹری میں جدید ترین خودکار اور ڈیجیٹلائزڈ پروڈکشن لائنز ہوں گی، جو عالمی شیشے کی صنعت میں نئی مثال قائم کریں گی۔ابوظہبی کا یہ پلانٹ 2026 کے آخر تک آپریشنل ہونے کی توقع ہے، جو مقامی ڈیویلپرز کو بھروسہ مند اور معیاری گلاس فراہم کرے گا اور خطے کی درآمدات پر انحصار کم کرے گا۔