ایٹمی سلامتی اور حفاظت کی صورتحال بدستور خراب ہو رہی ہے، آئی اے ای اے

منگل 7 اکتوبر 2025 14:11

ایٹمی سلامتی اور حفاظت کی صورتحال بدستور خراب ہو رہی ہے، آئی اے ای ..
ویانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) اقوام متحدہ کے ایٹمی نگرانی ادارے (آئی اے ای ای)کے سربراہ رافیل گروسی نے زاپوریژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے قریب ہونے والی گولہ باری کے بعد بڑھتے ہوئے خطرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔چینی میڈیا کے مطابق پلانٹ کے ارد گرد تقریبا 15 گولے داغے گئے، جن میں سے دو گولے پلانٹ کی حفاظت کے لیے مقرر کردہ حدود سے تقریبا 1.25 کلومیٹر دور گریں۔

اس دوران پلانٹ کو بیرونی بجلی کی فراہمی تقریبا دو ہفتے سے منقطع ہے، جس کی وجہ سے ایمرجنسی ڈیزل جنریٹرز پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے تاکہ پلانٹ کے بند شدہ ری ایکٹرز اور استعمال شدہ ایندھن کو ٹھنڈا رکھا جا سکے۔رافیل گروسی نے کہا کہ ایٹمی سلامتی اور حفاظت کی صورتحال بدستور خراب ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

خطرات بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ نیوکلیئر تنصیبات کے قریب فوجی سرگرمیوں میں سخت احتیاط برتی جائے۔

انہوں نے روس اور یوکرین کے ساتھ رابطے جاری رکھنے اور پلانٹ کی بیرونی بجلی کی فراہمی جلد از جلد بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔زاپوریژیا پلانٹ نے 23 ستمبر کو اپنی آخری فعال 750 کلوواٹ لائن سے کنکشن کھو دیا تھا، اور اب وہاں آٹھ ایمرجنسی ڈیزل جنریٹرز کام کر رہے ہیں تاکہ بجلی کی ضرورت پوری کی جا سکے۔