وزیر اعظم ریلیف پیکیج کے تحت مانسہرہ میں ضلعی انتظامیہ کو سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان وصول

جمعرات 21 اگست 2025 19:26

وزیر اعظم ریلیف پیکیج کے تحت مانسہرہ میں ضلعی انتظامیہ کو سیلاب متاثرین ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)ضلعی انتظامیہ مانسہرہ نے جمعرات کو وزیر اعظم ریلیف پیکیج کے تحت سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان وصول کر لیا، جس میں الائیڈ بینک نے بھی تعاون فراہم کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں بہزاد عادل نے یہ سامان ایک تقریب میں وصول کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) مانسہرہ بھی شریک تھے۔

امدادی پیکیج میں بنیادی اشیائے ضروریہ شامل ہیں جن کا مقصد حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ہونے والے خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) اسد لودھی نے بتایا کہ وزیر اعظم ریلیف پیکیج کے تحت مجموعی طور پر 9 ٹرک امدادی سامان وصول ہوا ہے۔ تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس امداد میں خوراک، ادویات، خیمے اور سردیوں کے لیے اشیاء شامل ہیں، جو اس وقت تحصیل بفہ پکھل کے متاثرہ علاقوں ڈھیری حلیم اور نیل بٴْن (ضلع بٹگرام کی سرحدی تحصیل) میں تقسیم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اسد لودھی نے مقامی رضاکاروں، ضلعی انتظامیہ اور وفاقی حکومت کے بروقت تعاون پر مبنی کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ امدادی سامان شفاف طریقے سے مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی معاونت سے اب تک 300 سے 400 خوراک پیکجز، خیمے اور زندگی کی دیگر ضروری اشیاء متاثرین میں تقسیم کی جا چکی ہیں۔مقامی نمائندوں اور عمائدین نے بھی اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ آفات سے نمٹنے اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے سرکاری اداروں، این ڈی ایم اے اور مالیاتی اداروں کے درمیان تعاون جاری رہنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :