صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے چولستانی کے لیے موبائل وٹرنری ڈسپنسریز کا افتتاح کردیا

جمعرات 21 اگست 2025 22:44

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) وزیر زراعت، لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے چولستان کیلئے خصوصی موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز کا افتتاح کیا۔ انہوں نے موبائل ویٹرنری ڈسپینسری میں موجودسہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ ڈسپنسریز کے افتتاح کے حوالے سے لائیو سٹاک کمپلیکس بہاول پور میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔

صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چولستان کے لیے خصوصی طور پر 6موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز فراہم کی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دودھ اور گوشت کی ملکی ضروریات پوری کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولنگر کو منہ کھر بیماری سے پاک اور محفوظ زون بنایا جا رہا ہے جس کے بعد ضلع بہاولنگر سے بین الاقوامی معیار کے مطابق دودھ اور گوشت ایکسپورٹ کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک پنجاب کی ترقی کے لیے ھولسٹک پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت 2030 تک محکمہ لائیو سٹاک کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں زیادہ دودھ اور گوشت کی پیداواری صلاحیت رکھنے والی گائیوں اور بھینسوں کی بریڈز متعارف کروائی جار ہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چولستانی جانوروں خصوصاً اونٹنی کے دودھ اور گوشت کی دنیا بھر میں مانگ موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بہاولنگر میں پہلا”منہ کھر فری زون“ قائم کر رہی ہے۔ اس زون میں جانوروں کی مانیٹرنگ، اونٹ کے گوشت کی پراسیسنگ اور جدید مذبح خانے قائم کیے جائیں گے تاکہ عالمی معیار کے مطابق گوشت اور دودھ کی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب بہت جلد صرف چولستانی اونٹ اور اونٹ پال سے متعلق ایک خصوصی پروگرام متعارف کروا رہی ہے جس کے تحت مالکان جدید طریقوں سے دودھ اور گوشت کی فروخت کر سکیں گے۔

تعلیمی شعبے سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب کی دو جامعات میں پرو وائس چانسلرز تعینات ہیں اور جلد مستقل وائس چانسلرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر لائیو اسٹاک نے اپنے دورے کے دوران چولستانی علاقے جگیت پیر میں قائم لائیو اسٹاک فارم کا بھی معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ملک اقبال چنڑ، اراکین صوبائی اسمبلی خالد محمود ججہ،ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری برائے ریونیو بورڈ میاں شعیب اویسی،سیکرٹری لائف سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب احمد عزیز تارڑ،سپیشل سیکرٹری اسد نعیم،ڈی جی پنجاب ڈاکٹر محمد اشرف، ڈائریکٹر لائف سٹاک چولستان ڈاکٹر سید محمدسبطین، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عدیل خالد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر شعیب الرحمن بھی موجود تھے۔