صوابی ،بارشوں ،لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑک کی بحالی پر کام شروع

جمعرات 21 اگست 2025 20:30

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)ضلع صوابی کے علاقہ دالوڑی بالا گدون میں حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہونے والی سڑک کی بحالی پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریلیف) صوابی قمر خان نے دالوڑی بالا اور سر کوئی پایاں کے متاثرین کے لیے امدادی پیکج کے لئے لے کر متاثرہ خاندانوں کے کوائف اکٹھا کرنا شروع کردی، تا کہ متاثرہ خاندانوں تک جلد از جلد سرکاری امداد پہنچایا جا سکے۔

دالوڑی بالا روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے آنے والا ملبہ ہٹا دیا گیا ہے اور اسے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی سی صوابی نصر اللہ خان نے بتایا کہ ابتدائی سروے کے مطابق سیلاب سے 50کنال رقبے پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

14گھروں کو مکمل اور 16گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ بجلی کے مجموعی طور پر 11فیڈرز متاثر ہوئے، جن میں سے 8فیڈرز بحال کر دیئے گئے ہیں۔

سیلاب سے صوابی کے مختلف مقامات پر روڈز اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔ ریسکیو آپریشن میں صوابی کے ساتھ مردان اور نوشہرہ کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا ۔ صوابی ریسکیو آپریشن میں 200ریسکیو اہلکار، 50پاک فوج، 50پولیس اور سول ڈیفنس کے رضاکار شامل تھے۔ریسکیو آپریشن میں 15ایمبولینسز، 10ایکسکیویٹرز، 3ڈوزر اور 9ٹریکٹرز استعمال کیے گئے۔ مکانات کی چھتوں پر پھنسے 40 خواتین اور بچوں کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔ متاثرہ افراد کو این ایف آئیز، خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کی گئی ، متاثرہ نجی انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے سروے کا آغاز کردیا گیا ہے ۔