وہ اپنی بساط کے مطابق متاثرین کے مدد وتعاون کے لیے خدمت خلق کے جذبے سے سروشار ہوکر اپنا حصہ ڈالیں

جمعرات 21 اگست 2025 23:15

ٰکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں خیبر پشتونخوا میں حالیہ شدید طوفانی بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، کلوڈ برسٹ قدرتی آفات کے دوران ہونیوالے جانی ومالی نقصانات پردکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ ملی مشر محمود خان اچکزئی کی ہدایت کی روشنی میں جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں متاثرین کی مدد کے لیے آج 22اگست 2025سے امدادی کیمپس لگائے جائینگے۔

امدادی کیمپ میں نقدی اور خوراکی اشیا جمع کی جائیگی جنہیں بالترتیب خیبر پشتونخوا کے متاثرین افراد تک پہنچایا جائیگا تاکہ ان کی مدد کی جاسکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ خان، چمن، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی، ژوب، شیرانی، دکی، سبی، بارکھان کے اضلاع میں پارٹی کے ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ضلعوں، تحصیلوں، علاقوں میں بذریعہ اناسمنٹ، پیمفلٹ کی تقسیم کرکے غم کی اس گھڑی میں خیبر پشتونخوا کے عوام کے ساتھ مکمل شریک ہوں اور ان کی مدد کے لیے اپنے علاقوں میں مخیر حضرات سے اپیل کرے کہ وہ اپنی بساط کے مطابق متاثرین کے مدد وتعاون کے لیے خدمت خلق کے جذبے سے سروشار ہوکر اپنا حصہ ڈالیں تاکہ خیبر پشتونخوا کے متاثرین کی بحالی زندگی جلد سے جلد ممکن ہوسکے۔

(جاری ہے)

بیان میں جنوبی پشتونخوا کے تمام عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پارٹی کے زیر اہتمام لگائے گئے کیمپس میں جاکر اپنی بساط کے مطابق نقدی، چیکس، اشیا خوراک جمع کرائیں۔ پارٹی کوبجا طور پر امید ہے کہ صوبے کے غیور عوام، تمام مخیر حضرات اس کار خیر میں پارٹی کا ساتھ دینگے اور پارٹی ان کے اعتماد اور بھروسے پر پورا اترتے ہوئے ان کے عطیہ، خیرات، امداد کو متاثرین تک پہنچانے میں اپنا فریضہ ادا کریگی