چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیرصدارت سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی و بحالی سرگرمیوں کا جائزہ اجلاس

جمعہ 22 اگست 2025 01:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرصدارت سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ اعلیٰ سطح ورچوئل اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں جاری امدادی و بحالی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ عابد مجید، سیکرٹری خزانہ عامر سلطان ترین، سیکرٹری ریلیف یوسف رحیم اور ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اسفندیار خٹک نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز سے ہر ضلع کی تفصیلی رپورٹ طلب کی جس میں امدادی اقدامات، نقصانات کے تخمینے اور بحالی کے اقدامات شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنرز نے جاری اور آئندہ کے اقدامات خصوصاً نقصانات کے فوری تخمینے کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے اس موقع پر ہدایت کی کہ متاثرہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مالی معاونت کے سرکاری پیکجز کی تقسیم کے لیے اندراج کے عمل کو تیز تر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جن خاندانوں کے گھر تباہ ہوئے ہیں، انہیں فوری مالی امداد دی جائے تاکہ وہ اپنی گھریلو اور کچن کی ضروریات خود پوری کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی کابینہ 15 ہزار روپے فی خاندان فوڈ اسٹامپ پیکج کی منظوری دے چکی ہے، جس کی شفاف اور بروقت تقسیم ناگزیر ہے۔انہوں نے اس مقصد کے لیے نادرا سے تصدیقی عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

رہائشی مکانات کی فوری تعمیر و بحالی پر زور دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ مکانات کے نقصانات کا تخمینہ جلد مکمل کیا جائے تاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے منظور شدہ ہاؤسنگ پیکجز متاثرہ خاندانوں تک بروقت پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے معاوضے کے پیکج میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے اور نئے پیکج کے مطابق مکمل طور پر تباہ شدہ گھروں کے لیے 10 لاکھ روپے جبکہ جزوی طور پر متاثرہ گھروں کے لیے 3 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے. چیف سیکرٹری نے مزید ہدایت کی کہ مویشیوں، دکانوں، گاڑیوں اور دیگر نقصانات کا تخمینہ بھی بروقت مکمل کیا جائے۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو ہدایت دی کہ متاثرہ مقامی لوگوں کو محفوظ مقامات پر تعمیرات کے لیے رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے تاکہ نئی تعمیرات محفوظ مقامات پر تعمیر کی جا سکیں۔باجوڑ کی صورتحال کا خصوصی جائزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ سیلاب متاثرین کے لئے ریلف اقدامات کے ساتھ ساتھ عسکریت پسندی سے متاثرہ بے گھر خاندانوں اور ان کے میزبان خاندانوں کو معاوضے کی رقوم قواعد کے مطابق بروقت فراہم کی جائیں۔چیف سیکرٹری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت سیلاب متاثرہ گھرانوں کو بروقت ریلیف، شفاف مالی تقسیم اور پائیدار بحالی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔