ڈپٹی کمشنر ننکانہ کا سیدوالہ کے سیلابی علاقوں کا دورہ

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کو رہائش، علاج معالجے سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ڈپٹی کمشنر ننکانہ

جمعہ 22 اگست 2025 14:48

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر خان کے ہمراہ سیدوالہ کے سیلابی علاقوں کا دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر اور ممبر صوبائی اسمبلی نے کنڈ رحم شاہ کابھی دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ریلیف کیمپس میں تعینات عملے سے ملاقات کی اور سیلاب میں استعمال ہونے والے آلات کو چیک کیا۔

انہوں نے کنڈ رحم شاہ میں ضلعی اداروں کی جانب سے جاری ریسکیو و ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دریائے راوی کے ممکنہ سیلابی دیہاتوں سے لوگوں کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کرنے کا عمل جاری ہے ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کو رہائش ، علاج معالجے سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ریلیف کیمپس میں سیلاب متاثرین جانوروں کے علاج معالجے اور چارے کا بندوبست بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی ادارے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کیمپس میں تعینات عملہ اپنے فرائض بخوبی سر انجام دے رہا ہے ، عوام الناس کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کو انکے نقصانات کا ازالہ کرے گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ عطیہ عنائیت سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔