سندھ ہائیکورٹ،نادرا کو شہری کا شناختی کارڈ ایک ہفتے میں جاری کرنے کا حکم

احکامات پر عمل نہ ہوا تو نادرا افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے، عدالت

جمعہ 22 اگست 2025 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے شہری کے شناختی کارڈ کی تجدید نہ کرنے پر حکام کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر نادرا کو شناختی کارڈ جاری کرنے سے متعلق اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو شہری کے شناختی کارڈ کی تجدید نہ کرنے پر نادرا حکام کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ درخواست گزار رحمت اللہ پاکستانی شہری ہے جو سعودی عرب میں ملازمت کرتا ہے۔ عدالت کے حکم پر تحقیقاتی کمیٹی ڈی ایل سی نے بھی شہری کو پاکستانی قرار دیا ہے۔درخواست گزار کے بچوں کو تعلیم اور دیگر سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عدالت نادرا حکام پر برہم ہوگئی، جسٹس ذوالفقار سانگی نے ریمارکس دیئے کہ شہری برسوں سے خوار ہورہا ہے، شناختی کارڈ کیوں نہیں بنا رہے۔عدالت نے کہا کہ اگر احکامات پر عملدرآمد نہ ہوا تو متعلقہ نادرا افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے، عدالت نے ایک ہفتے میں نادرا کو شناختی کارڈ جاری کرنے سے متعلق اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔