حساس ادارے کی کارروائی، راولپنڈی اور حسن ابدال سے فتنہ الخوارج کے 4 سہولت کار گرفتار

جمعہ 22 اگست 2025 18:23

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)حساس ادارے نے راولپنڈی اور حسن ابدال سے فتنہ الخوارج کے 4 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حساس ادارے کی جانب سے تازہ کارروائیاں راولپنڈی اور حسن ابدال میں کی گئیں، جہاں فتنہ خوارج کے 4 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ملزمان نے 11 اگست کو راولپنڈی اور حسن ابدال میں کارروائیوں کی دھمکی دی تھی، ایک ویڈیو بھی بنائی گئی تھی، جس کو سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا تھا۔

ویڈیو بنانے اور پھیلانے والے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، وڈیو بنانے کے لیے استمعال کی گئی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے، گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ جنوری کے مہینے میں فتنہ الخوارج کی جانب سے پنجاب میں نوجوانوں کی آن لائن بھرتی مہم کا انکشاف سامنے آیا تھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے نیٹ ورک کے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کی آن لائن بھرتیوں کا نیٹ ورک ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا، اس حوالے سے تفصیلات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھجوائی گئی تھیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھاکہ دہشت گرد تنظیم نے گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، بہاولپور، جہلم اور سرگودھا سے بھرتیاں کیں، کالعدم تنظیم کی جانب سے بھرتیوں کا مقصد پنجاب میں مقامی سہولت کاری کے لیے نیٹ ورک بنانا تھا۔