ڈی آئی جی پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کی زیر صدارت متاثرین ڈیم کو معاوضوں کی ادائیگی کے حوالے سے اہم اجلاس کاانعقاد

جمعہ 22 اگست 2025 19:38

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی کے زیر صدارت متاثرین ڈیم کے معاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی اپر کوہستان طارق خان، ڈی پی او اپر کوہستان طاہر اقبال، جنرل منیجر لینڈ اینڈ ریکوزیشن بھاشاہ ڈیم پراجیکٹ بریگیڈئیر (ر)ریٹائرڈشہاب تقی ودیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران اور مشران و متاثرین ڈیم نے شرکت کی۔

ڈی سی اپر کوہستان نے منصوبہ اور عمائدین کے خدشات و مطالبات کے حوالے سے بریفنگ پیش کی۔ ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے اس موقع پر مشران و متاثرین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن اور لاء اینڈ آرڈکی صورتحال کو برقرار رکھا جائے اور مشران علاقہ متاثرین ڈیم کے حوالے سے تحفظات ومطالبات انتظامیہ کے نوٹس میں لائیں، ہم قانونی ضابطہ کار کے مطابق آپ کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، سڑکیں بلاک کرنا اور احتجاج کرنا غیر قانونی فعل ہے ،اس فعل کے مرتکب عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرین ڈیم کے معاوضے کی ادائیگی کیلئے واپڈا حکام کی پیش رفت جاری ہے،اس سلسلے میں متاثرین ڈیم کے معاوضے کے لیے 1 ارب 68 کروڑ روپے کا چیک ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر کے حوالے کیاگیا،جنگلات ہمارا قدرتی حسن ہے ، ان کی حفاظت اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ درختوں کی بے دریغ کٹائی ماحولیاتی تبدیلیوں میں اضافہ ہورہا ہے جس سے حالیہ بارشوں اور کلائوڈبرسٹ کی وجہ سے ہمارے صوبے میں بہت سی قیمتی جانوں کاضیاع اور مالی نقصانات ہوئے ہیں ،جنگلات کی بے دریغ کٹائی وٹمبر سمگلروں کےخلاف ہزارہ پولیس کسی بھی قانونی کارروائی سے دریغ نہیں کرے گی۔

ڈی آئی جی ہزارہ نے مزید کہا کہ پوست کی کاشت کی اجازت ہرگز کسی کو نہیں دی جائے گی،عمائدین و مشران علاقہ خود اس کی کاشت کی تلفی یقینی بنائیں ۔بعدازاں ایسے عناصر کےخلاف سخت کارروائیاں کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ناصر محمود ستی اور واپڈا کے بریگیڈیئرشہاب تقی نے ڈیم متاثرین کے معاوضے کے لیے 1 ارب 68 کروڑ روپے کا چیک ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر کے حوالے کیا، جس پر عمائدین نے ڈی آئی جی ہزارہ و دیگر افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔