وفاقی وزارت داخلہ کا امیگریشن کے عمل کو مزید سہل بنانے اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایک جدید اے آئی بییسڈ ایپ کا پائلٹ

جمعہ 22 اگست 2025 20:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء) وفاقی وزارت داخلہ نے امیگریشن کے عمل کو مزید سہل بنانے اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایک جدید اے آئی بییسڈ ایپ کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اس پراجیکٹ کا آغاز اسلام آباد ایئرپورٹ سے کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کیے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے اس اے آئی بییسڈ ایپ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف انسانی سمگلنگ کا خاتمہ ہوگا بلکہ مسافروں کو طویل قطاروں سے بھی نجات ملے گی۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے ادارے کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ایف آئی اے کی ضروری آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے فنڈز کی فوری فراہمی کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کی اکیڈمی کی نئی اراضی کی الاٹمنٹ اور ادارے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اس دوران ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل راجہ رفعت مختار نے ادارے کی ڈیجیٹلائزیشن، ای آفس میں منتقلی اور ای ایف آئی اے نوٹس کے اجرائ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے فوری بھرتی کے عمل کی بھی منظوری دی۔

متعلقہ عنوان :