قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس ، سائبر کرائم، مالی جرائم اور سکیورٹی خطرات پر غور

جمعہ 22 اگست 2025 22:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ایم این اے رانا ارادت شریف خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر حالیہ موسمی آفات سے جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اپنی آپریشنل صلاحیت کو بڑھا رہی ہے۔

اتھارٹی نے غیر قانونی سموں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ساتھ ہم آہنگی کو بڑھایا ہے۔ کمیٹی نے مالی جرائم، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو نشانہ بنانے والی دھوکہ دہی کی سرگرمیوں اور سرحد پار ریڈیو نشریات سے لاحق سکیورٹی خطرات کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ این سی سی آئی اے اس طرح کے خطرات کے خلاف حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

کمیٹی نے این سی سی آئی اے اور پی ٹی اے سے مالی جرائم کے حوالے سے بریفنگ لینے کا بھی فیصلہ کیا ۔ کمیٹی نے الیکشن (ترمیمی) بل 2025 پر غور کیا۔ بل قومی اسمبلی میں شازیہ مری اور سید نوید قمر نے پیش کیا تھا۔ کمیٹی نے مزید غور کے لئے بل پر بحث کو موخر کر دیا۔ اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد، راجہ قمر الاسلام، نوید عامر، صاحبزادہ صبغت اللہ، مجاہد علی، علی محمد، حمید حسین، خرم شہزاد ورک ، شازیہ فرید سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔