نظریہء پاکستان ہماری رگوں میں رچا بسا ہے، علامہ زبیر ہزاروی

جمعہ 22 اگست 2025 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء) مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی کے امیر علامہ محمد زبیر ہزاروی نے کہا ہے کہ نظریہء پاکستان ہماری رگوں میں رچا بسا ہے، یہ صرف ایک سیاسی اصطلاح نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ ﷺ کے نام پر ہوا اور ہم اس نظریے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

وہ لیاقت آباد، سندھی ہوٹل پر منعقدہ پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں بڑی تعداد میں مقامی عوام، نوجوانان، دینی حلقوں کے افراد اور مرکزی جماعت اہلسنّت وجے یو پی کے کارکنان نے شرکت کی۔تقریب سے جے یو پی کے سینئر رہنما ملک شہزاد چشتی، اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ہم اس ملک کو امن، انصاف، عدل، اور اسلامی اخوت کا گہوارہ بنائیں گے۔

(جاری ہے)

علامہ زبیر ہزاروی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہمارے اکابرین کا خواب تھا، جسے آج بھی پورے شعور اور عزم کے ساتھ زندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مخصوص عناصر آج اس نظریے کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور نئی نسل کو اپنے ماضی، دینی اقدار اور اسلامی شناخت سے دور کر رہے ہیں، جو انتہائی افسوسناک اور خطرناک رجحان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مدارس، مساجد اور دینی طبقات نے ہمیشہ نظریہء پاکستان کی حفاظت کی ہے اور آئندہ بھی ہر سازش کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے رہیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نظریہء پاکستان کو تعلیمی نصاب اور قومی پالیسیوں کا حصہ بنایا جائے اور ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو اس نظریے کی مخالفت کر رہے ہیں۔تقریب میں ملی نغمے، پرچم کشائی، اور دعا کے روح پرور لمحات شامل تھے۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔